نئی دہلی 4مئی ( ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا ) ہندوستانی فوج نے سرکاری آرڈنس فیکٹریوں سے اپنی خریداری میں بھاری کمی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ چھوٹے جنگ کی حالت میں فوری طور پر گولہ بارود خریدنے کی خاطر رقم بچانے کے لیے کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق آرڈنس فیکٹریوں سے سپلائی ہونے والی مصنوعات کو 94 فیصد سے 50 فیصد کم کردی جائے گی ۔ فوج کو یہ قدم اس لیے اٹھانا پڑ رہا ہے کیونکہ مرکز نے گولہ بارود کی ہنگامی خریداری کے لئے اضافی فنڈ نہیں د یئے ہیں ۔اس قدم سے فوجیوں کو وردی کی سپلائی متاثر ہوگی۔ ایسے میں فوجیوں کو اپنے پیسے سے یونیفارم اور دوسرے کپڑے شہری مارکیٹ سے خریدنے پڑیں گے۔ بتایا جا رہا ہے کہ کچھ ٹرینوں کے پرزوں کی خریداری بھی متاثر ہوگی۔ فوج ہنگامی گولہ بارود کے اسٹاک کو برقرار رکھنے کے لئے 3 پروجیکٹس پر کام کر رہی ہے، جس کے لئے ہزاروں کروڑ روپے کے فنڈ کی ضرورت ہے ۔ اس سے منسلک حکام نے اکنامک ٹائمز کو بتایا کہ ایسی صورت میں فوج اپنے کم از کم بجٹ میں ہی انتظامات کرنے میں لگی ہوئی ہے۔ مالی سال 2018-19کے بجٹ کو دیکھتے ہوئے حکام نے بتایا کہ فوج کے پاس آرڈنس فیکٹریوں سے سپلائی کی بندش کے علاوہ دوسرا کوئی راستہ نہیں ہے۔ فوج جن تین پروجیکٹس پر کام کر رہی ہے اس میں سے صرف ایک ہی شروع ہو پایا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ کئی سالوں سے فنڈ کی کمی کی وجہ سے یہ ہنگامی پروجیکٹس متاثر ہوئے ہیں ۔